Explore Zujajah

Read. Reflect. Return.

Prayer

Hadith 1094

(یہ باب نماز کی صفت یعنی کیفیت کے بیان میں ہے)

In this book

Current reading

Prayer

(یہ باب نماز کی صفت یعنی کیفیت کے بیان میں ہے)

Zujajat al-Masabih 1094Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 1234Noor 1235Noor 1236
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، آپ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رکوع سے سر اٹھایا کرتے تو فوراً سجدہ نہیں کرتے جب تک کہ اطمینان کے ساتھ سیدھے کھڑے نہیں ہو جاتے تھے اور جب سجدہ کرتے اور سجدہ سے سر اٹھاتے تو فوراً دوسرا سجدہ نہیں کرتے تھے جب تک کہ (دونوں سجدوں کے درمیان اطمینان سے) نہیں بیٹھ جاتے۔ (اس کی روایت ابن ماجہ نے کی ہے۔) اور ابوداؤد میں ابوحمید رضی اللہ عنہ سے جو طویل حدیث مروی ہے (اس حدیث میں قومہ کے بعد سجدہ کرنے کا اس طرح ذکر ہے) کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (قومہ کے بعد) فوراً زمین پر سجدہ میں گر جاتے اور (سجدہ کی حالت میں) اپنے دونوں بازوؤں کو دونوں پہلوؤں سے علیحدہ رکھتے اور اپنے دونوں پیروں کی انگلیوں کو اس طرح موڑتے کہ انگلیوں کا رخ قبلہ کی طرف رہتا پھر سجدہ سے سر اٹھاتے اور بائیں پیر کو بچھا کر اس پر بیٹھ جاتے پھر آپ اطمینان کے ساتھ بیٹھ جاتے یہاں تک کہ ہر ہر ہڈی اچھی طرح اپنی اپنی جگہ قرار پا جاتی پھر دوسرا سجدہ فرماتے۔ اور ابوداؤد کی ایک دوسری روایت (جو ابوحمید رضی اللہ عنہ سے ہی مروی ہے، اس میں سجدہ کی کیفیت میں یہ بھی اضافہ ہے) کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم (سجدہ میں) سجدے سے فارغ ہونے تک اپنی رانوں کو کشادہ رکھتے اور شکم مبارک کے کسی حصہ کو رانوں سے لگنے نہ دیتے۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sunan Abi Dawud 730 (unverified) 96% confidence
  • Candidate: Sunan Ibn Majah 869 (unverified) 87% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Commentary and footnotes (1)

Note 1

ف: سجدہ کا یہ طریقہ مردوں سے متعلق ہے لیکن عورتیں جب سجدے میں جائیں تو زمین پر پہلے گھٹنے رکھیں پھر کانوں کے برابر ہاتھ رکھیں اور انگلیاں خوب ملا لیں، پھر دونوں ہاتھوں کے بیچ میں پیشانی رکھیں اور سجدے کے وقت پیشانی اور ناک دونوں زمین پر رکھ دیں اور ہاتھ اور پاؤں کی انگلیاں قبلہ کی طرف رکھیں مگر پاؤں کھڑے نہ کریں بلکہ دہنی طرف کو پاؤں نکال دیں اور خوب سمٹ کر اور دب کر سجدہ کریں کہ پیٹ دونوں رانوں سے اور بازو دونوں پہلوؤں سے ملا دیویں اور دونوں بازو زمین پر رکھ دیں۔ (درمختار)۔