اردو
Urdu OCR, pending reviewNoor 1678
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے آپ فرماتے ہیں: (ایک مرتبہ)
میں نے اپنی خالہ ام المؤمنین حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا کے مکان میں رات گزاری، جب رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز تہجد کے لئے کھڑے ہوئے تو میں بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے
بائیں جانب نماز کے لئے کھڑا ہو گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ کر اپنی پیٹھ
کے پیچھے سے گھما کر مجھے اپنی سیدھی جانب کھڑا کر دیا، (یہ کہہ کر) حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہا
نے ویسے ہی کر کے بتلایا جس طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا تھا۔ اس کی روایت بخاری
اور مسلم نے متفقہ طور پر کی ہے۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
- Candidate: Sahih al-Bukhari 699 (unverified) 78% confidence · Validation similarity: 0.542
Confidence and text similarity are not editorial verification.
Commentary and footnotes (1)
Note 1
ف: صاحب مرقات نے شرح السنہ کے حوالہ سے لکھا ہے کہ اس حدیث شریف سے کئی مسائل معلوم ہوئے: مسئلہ (1) نفل نماز کا جماعت کے ساتھ ادا کرنا جائز ہے بشرطیکہ اس کے لئے اذان اور اقامت نہ دی جائے۔ مسئلہ (2) امام کی اقتداء اگر صرف ایک مقتدی کر رہا ہو تو وہ امام کے داہنے جانب اس طرح کھڑا رہے کہ مقتدی کے پیروں کی انگلیاں امام کی ایڑی کے پاس رہیں۔ (یہ اعلاء السنن میں طحاوی کے حوالہ سے مذکور ہے۔12) مسئلہ (3) اس حدیث میں مذکور ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو اپنے ہاتھ سے پکڑ کر گھماتے ہوئے سیدھے جانب کھڑا کر دیا۔ اس سے ثابت ہوا کہ عمل قلیل نماز میں ضرورتاً جائز ہے۔ مسئلہ (4) اس حدیث میں یہ بھی مذکور ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو اپنی پیٹھ کے پیچھے سے گھما کر داہنے جانب کھڑا کر دیا۔ حالانکہ سامنے سے گھما کر کھڑا کرنا آسان تھا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مقتدی کا امام کے آگے ہونا جائز نہیں ہے، اسی لئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ابن عباس رضی اللہ عنہما کو اپنے پیچھے سے لائے، سامنے سے نہیں لائے۔ مسئلہ (5) اس حدیث میں یہ بھی مذکور ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تنہا نماز شروع فرمائی اور بعد میں ابن عباس رضی اللہ عنہما نے آپ کی اقتداء کی، اس سے ثابت ہوا کہ ایسے تنہا نماز پڑھنے والے کی اقتداء جائز ہے جس نے امامت کی نیت نہیں کی ہو۔