Explore Zujajah

Read. Reflect. Return.

کتاب ایمان کے بیان میں · Chapter 1

کتاب ایمان کے بیان میں

44 narrations · In source reading order

Hadith 32

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 37
ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کا ایمان کامل نہیں جو امانتدار نہیں، اور اس کا دین مکمل نہیں جو عہد کا پابند نہیں، اس ذات کی قسم جس کے دست قدرت میں محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کی جان ہے اس وقت تک کسی بندہ کا دین درست نہ ہوگا جب تک کہ اس کی زبان درست نہ ہو، اور زبان درست نہ ہوگی تاوقتیکہ دل درست نہ ہو، اور وہ شخص جنت میں داخل نہ ہوگا، جس کا پڑوسی اس کے بوائق سے امن میں نہ ہو، تو عرض کیا گیا : بوائق کیا ہیں؟ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ارشاد ہوا: اس کا ظلم و ستم ۔ اور جو شخص حرام مال حاصل کرے اور اس کو خرچ کرے تو اس میں اس کے لئے کوئی برکت نہ ہوگی اور اگر اس مال کو خیرات کرے تو قبول نہ ہوگی اور جو کچھ بچ رہے وہ اس کے لئے دوزخ کا توشہ ہے۔ سنو! گندی چیز گندی چیز کو نہیں مٹاتی لیکن پاک چیز مٹا دیتی ہے۔ (طبرانی نے اس کی معجم کبیر میں روایت کی ہے۔)

Hadith 33

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 38
عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص ” لَا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ “ کی گواہی دے گا اللہ تعالیٰ اس پر دوزخ کو حرام فرما دیں گے۔ (مسلم نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sahih Muslim 29 (unverified) 96% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 34

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 39
عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص کی موت اس یقین پر ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔ (مسلم نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sahih Muslim 26a (unverified) 99% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 35

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 40
جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ دو باتیں واجب کرنے والی ہیں، ایک شخص نے عرض کیا: یا رسول اللہ وہ واجب کرنیوالی دو باتیں کیا ہیں؟ فرمایا: جو شخص اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کرتے ہوئے مرے وہ دوزخ میں داخل ہوگا، اور جو شخص خدا کیساتھ کسی کو شریک نہ کرتے ہوئے مرے؛ وہ جنت میں داخل ہوگا۔ (مسلم نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sahih Muslim 93a (unverified) 90% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 36

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 41
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہتے ہیں کہ ہم حضرت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے گرد بیٹھے ہوئے تھے اور ہمارے ساتھ حضرت ابوبکر، حضرت عمر رضی اللہ عنہما بھی حاضرین کی جماعت میں شامل تھے، دفعۃً حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے سامنے سے اٹھ کھڑے ہوئے، اور دیر تک تشریف نہ لائے، ہم کو خوف ہوا کہ کہیں (خدا نخواستہ) کوئی آفت نہ پڑی ہو، اس لئے ہم گھبرا کر اٹھ کھڑے ہوئے اور سب سے پہلے مجھے گھبراہٹ پیدا ہوئی۔ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تلاش میں نکلا اور انصار بنی نجار کے ایک باغ تک پہنچا، ہر چند باغ کے چاروں طرف گھوما، مگر اندر جانے کا کوئی دروازہ نہ ملا، اتفاقاً ایک ربیع (نہر) دکھائی دی جو بیرونی کنویں سے باغ کے اندر جاری تھی۔ اور ربیع، نہر کو کہتے ہیں۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں اسی نہر میں سمیٹ کر گھس گیا اور حضور والا صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پہنچ گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ابوہریرہ! میں نے عرض کیا: جی حضور! آپ نے فرمایا: تمہارا کیا حال ہے؟ میں نے عرض کیا: آپ ہمارے پاس تشریف فرما تھے پھر ایک دم اٹھ کر تشریف لے گئے اور واپس تشریف آوری میں آپ نے دیر فرمائی تو ہم کو خوف ہوا کہ (خدانخواستہ) کہیں حادثہ نہ گزرا ہو، اس لئے ہم گھبرا گئے، سب سے پہلے مجھے ہی گھبراہٹ پیدا ہوئی (تلاش کرتے کرتے) میں اس باغ تک پہنچا اور لومڑی کی طرح سمیٹ کر نہر کے راستہ سے اندر آ گیا، اور لوگ میرے پیچھے ہیں۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نعلین مبارک مجھے دے کر فرمایا: ابوہریرہ! میری یہ دونوں جوتیاں (بطور ثبوت کے) لے جاؤ اور باغ کی دیوار کے ادھر جو شخص یقین قلبی کے ساتھ ”لا اِلٰه اِلَّا الله“ کی گواہی دیتا ہوا ملے اس کو جنت کی بشارت دے دو۔ (میں نے حکم کی تعمیل کی) سب سے پہلے مجھے عمر رضی اللہ عنہ ملے اور دریافت کیا: ابوہریرہ یہ جوتیاں کس کی ہیں؟ میں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جوتیاں ہیں، حضور نے یہ دونوں جوتیاں دے کر مجھے بھیجا ہے کہ جو شخص یقین قلبی کے ساتھ ”لا اله الا الله“ کی شہادت دینے والا تجھے ملے، میں اس کو جنت کی بشارت دے دوں۔ عمر رضی اللہ عنہ نے یہ سن کر میرے سینے کے بیچ میں ایک ضرب لگائی جس کی وجہ سے میں سرین کے بل گر پڑا، اور عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ لوٹ جاؤ اے ابوہریرہ، چنانچہ میں لوٹ کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پہنچا اور آواز سے رونے لگا۔ میرے پیچھے پیچھے عمر رضی اللہ عنہ بھی آ پہنچے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ابوہریرہ! کیا بات ہے؟ میں نے عرض کیا: میری ملاقات عمر رضی اللہ عنہ سے ہوئی اور جو پیام دے کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بھیجا تھا میں نے ان کو پہنچا دیا، انہوں نے میرے سینے پر ایک ضرب لگائی جس کی وجہ سے میں سرین کے بل گر پڑا اور پھر کہنے لگے کہ لوٹ جا حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عمر تم نے ایسا کیوں کیا؟ عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے ماں باپ آپ پر قربان، کیا حضور نے ابوہریرہ کو اپنے نعلین مبارک دے کر حکم دیا تھا کہ جو شخص قلبی یقین کے ساتھ لا اله الا الله کی شہادت کا قائل ملے اس کو جنت کی بشارت دے دینا؟ ارشاد فرمایا: ہاں! عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: حضور! ایسا نہ کیجئے۔ مجھے اندیشہ ہے کہ لوگ اسی پر بھروسہ کر بیٹھیں گے ان کو چھوڑ دیجئے کہ وہ عمل کریں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھا چھوڑ دو۔ (مسلم نے اس کی روایت کی ہے۔)
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sahih Muslim 31 (unverified) 98% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 37

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 42
معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جنت کی کنجیاں ”لا اله الا الله“ کی شہادت ہے۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 37 (unverified) 90% confidence
  • Candidate: Musnad Ahmad 22102 (unverified) 30% confidence

Mishkat (candidate) 37

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 38

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 43
عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی وفات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چند اصحاب نہایت غم زدہ ہوئے، یہاں تک کہ قریب تھا کہ بعض (نجات کے بارے میں) وسوسہ میں پڑ جائیں، عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں بھی ان ہی لوگوں میں تھا، میں ایک دن بیٹھا ہوا تھا کہ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا گزر ہوا، اور انہوں نے سلام کیا، مگر مجھے کچھ معلوم نہ ہو سکا، عمر نے ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے اس کی شکایت کی تو دونوں تشریف لائے اور دونوں نے سلام کیا، ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ کیا چیز باعث ہوئی کہ آپ نے اپنے بھائی عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سلام کا جواب نہیں دیا، میں نے کہا: میں نے ایسا نہیں کیا، عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: خدا کی قسم آپ نے ایسا ہی کیا ہے۔ میں نے کہا کہ خدا کی قسم مجھے آپ کے گزرنے اور سلام کرنے کا علم ہی نہیں ہوا، ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سچ کہہ رہے ہیں، ان کو کسی بات نے مشغول کر رکھا ہے، میں نے کہا: ہاں (یہی بات ہے) ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ وہ کیا بات ہے؟ میں نے کہا کہ اللہ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اس سے قبل ہی اٹھا لیا کہ ہم آپ سے (اس امر کی) نجات کی نسبت دریافت کر لیتے، ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی نسبت دریافت کر لیا ہے، عثمان رضی اللہ عنہ ہے میں اٹھ کر ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قریب ہو گیا اور کہا: میرے ماں باپ آپ پر سے قربان، آپ ہی اس کے زیادہ اہل تھے، ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ اے رسول اللہ اس دین کی نجات کس میں ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے مجھ سے اُس کلمہ کو قبول کر لیا، جس کو میں نے اپنے چچا پر پیش کیا تھا اور انہوں نے اس کو رد کر دیا، یہ کلمہ قبول کرنے والے کے لئے موجب نجات ہے۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 39 (unverified) 85% confidence
  • Candidate: Musnad Ahmad 447 (unverified) 30% confidence

Mishkat (candidate) 39

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 39

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 44
مقداد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ روئے زمین پر کوئی مٹی کا مکان یا خیمہ ایسا نہ ہوگا جس میں اللہ تعالیٰ کلمۂ اسلام کو داخل نہ فرمائیں، عزت دینے عزیز کے ساتھ یا ذلت دینے ذلیل کے ساتھ، یا تو ان کو اللہ تعالیٰ معزز فرمائے گا تو ان کو اس کلمہ کا اہل بنا دے گا، یا ان کو ذلیل کرے گا تو وہ اس کی اطاعت قبول نہ کریں گے، میں نے کہا: تب تو دین تمام کا تمام اللہ ہی کا ہوگا۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 42 (unverified) 65% confidence
  • Candidate: Musnad Ahmad 23814 (unverified) 45% confidence

Mishkat (candidate) 42

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 40

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 45
وہب بن منبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہتے ہیں کہ وہب سے کہا گیا کہ کیا ”لا اله الا الله“ جنت کی کنجی نہیں ہے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں، لیکن ہر کنجی کے دندان ہوتے ہیں اگر تم ایسی کنجی لاؤ گے جس کو دندان ہوں تو تمہارے لئے جنت کو کھولا جائے گا ورنہ نہیں۔ (بخاری نے اس حدیث کی ترجمۃ الباب میں روایت کی ہے۔)
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 41 (unverified) 70% confidence
  • Candidate: Sahih al-Bukhari 1237 (unverified) 50% confidence

Mishkat (candidate) 41

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Commentary and footnotes (1)

Note 1

ف: دندان سے مراد اعمال ہیں۔

Hadith 41

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 46
ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی شخص اپنے اسلام کو (اخلاص کے ساتھ) بہتر بنا لے تو جو نیکی کرے گا اس کا اجر دس گنا سے سات سو گنا تک لکھا جائے گا اور جو برائی کرے گا تو اتنی ہی لکھ دی جائے گی، یہاں تک کہ وہ ملاقات کرے اللہ سے۔ (بخاری اور مسلم نے بالاتفاق اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Sahih al-Bukhari 42 (unverified) 99% confidence
  • Candidate: Sahih Muslim 129a (unverified) 97% confidence

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 42

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 47
ابو امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ ایمان کیا چیز ہے؟ ارشاد ہوا: جب تجھ کو تیری نیکی سے خوشی ہو اور برائی سے رنج ہو تو تُو مومن ہے، پھر اس نے کہا: یا رسول اللہ گناہ کس کو کہتے ہیں؟ فرمایا: جب تیرے دل میں کوئی چیز کھٹک جائے تو تُو اس کو چھوڑ دے۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 45 (unverified) 85% confidence
  • Candidate: Musnad Ahmad 22166 (unverified) 30% confidence

Mishkat (candidate) 45

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 43

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 48
عمرو بن عبسہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، کہتے ہیں کہ میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا: یا رسول اللہ (دین کے) اس کام میں آپ کے ساتھ کون تھے؟ فرمایا: ایک حر (آزاد یعنی ابوبکر رضی اللہ عنہ) اور ایک عبد (غلام یعنی بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ) میں نے عرض کیا: اسلام کیا ہے؟ ارشاد ہوا: خوش کلامی اور کھانا کھلانا، میں نے عرض کیا: ایمان کیا ہے؟ ارشاد ہوا: صبر اور سخاوت کرنا، میں نے عرض کیا: کونسا اسلام (یعنی مسلمان) افضل ہے؟ ارشاد ہوا: جس کے زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں، میں نے عرض کیا: کونسا ایمان افضل ہے؟ ارشاد ہوا: اچھے اخلاق، راوی نے کہا: میں نے عرض کیا: کونسی نماز افضل ہے؟ ارشاد ہوا: جس میں قیام زیادہ ہو، راوی نے کہا کہ میں نے عرض کیا کونسی ہجرت، بہتر ہے؟ ارشاد ہوا: ان باتوں کو ترک کرنا جن کو تیرا رب پسند نہیں کرتا، راوی نے کہا میں نے عرض کیا: کونسا جہاد افضل ہے؟ ارشاد ہوا: جس کا گھوڑا ہلاک کیا جائے اور اس کا خون بہایا گیا ہو، میں نے عرض کیا: کونسا وقت بہتر ہے؟ ارشاد ہوا: اخیر شب کا درمیانی وقت۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 26 (unverified) 75% confidence · Validation similarity: 0.534

Mishkat (candidate) 26

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 44

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 49
معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہتے ہیں کہ میں نے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اللہ سے اس حالت میں ملے کہ اس نے (1) اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرایا، (2) پنج وقتہ نماز ادا کرتا رہا اور (3) رمضان کے روزے رکھا تو اس کی بخشش ہوگی، میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ اس کی خوشخبری لوگوں کو دے دوں؟ آپ نے فرمایا: ان کو چھوڑ دو کہ وہ عمل کریں۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 44 (unverified) 50% confidence

Mishkat (candidate) 44

Confidence and text similarity are not editorial verification.

Hadith 45

Volume 1

اردو

Urdu OCR, pending reviewNoor 50
معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا: افضل ایمان کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: (1) اللہ کے لئے محبت کرنا اور (2) اللہ کے لئے دشمنی رکھنا اور (3) زبان کو ذکر الٰہی میں جاری رکھنا، انہوں نے کہا: اور کیا چیز ہے یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم؟ ارشاد ہوا: (4) لوگوں کے لئے وہی بات پسند کرو جو تم اپنے لئے پسند کرتے ہو، اور ان کے لئے اس بات کو ناپسند کرو جس کو اپنے لئے ناپسند کرتے ہو۔ (امام احمد نے اس کی روایت کی ہے)۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
  • Candidate: Mishkat al-Masabih 30 (unverified) 70% confidence

Mishkat (candidate) 30

Confidence and text similarity are not editorial verification.