اردو
عطاء بن سائب رضی اللہ عنہ، اپنے والد سائب رضی اللہ عنہ سے روایت
کرتے ہیں کہ سائب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک زمانہ میں (ایک دفعہ) سورج گہن ہوا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم نماز کسوف پڑھنے کے لئے کھڑے ہوئے (کیا کہوں کیسی نماز تھی کہ جب) آپ قیام فرمائے تو
قیام میں (اس قدر طویل قرأت فرما رہے تھے) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ اب رکوع ہی نہ کریں
گے، پھر جب آپ رکوع کئے تو رکوع میں اس قدر دیر تک رہے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ حضور رکوع سے
اب سر مبارک اٹھائیں گے ہی نہیں، پھر آپ جب رکوع سے سر اٹھائے (اور قومہ کئے) تو قومہ میں
اتنی دیر تک رہے، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اب آپ سجدہ کو جائیں گے ہی نہیں، پھر آپ (دوسرا رکوع
کئے بغیر) سجدہ میں چلے گئے اور اس قدر دیر تک سجدہ میں رہے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ آپ سجدہ سے سر
اٹھائیں گے ہی نہیں، پھر جب آپ سجدہ سے سر اٹھائے اور جلسہ کئے تو جلسہ میں اس قدر دیر تک
رہے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ آپ دوسرے سجدہ کو جائیں گے ہی نہیں، پھر آپ دوسرا سجدہ کئے اور
دوسرے سجدہ میں بھی اس قدر دیر تک رہے، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ آپ دوسرے سجدہ سے دوسری
رکعت کے لئے نہیں اٹھیں گے، پھر آپ سجدہ سے سر مبارک اٹھا کر دوسری رکعت کے لئے کھڑے
ہوئے اور دوسری رکعت کے بھی ہر رکن کو پہلی رکعت کی طرح طویل فرماتے رہے (اور دوسری رکعت
کو بھی پہلی رکعت کی طرح ایک ہی رکوع سے ادا کئے۔) اس حدیث کی روایت ابوداؤد اور نسائی
نے کی ہے اور ترمذی نے اس کی روایت شمائل میں کی ہے، اور حاکم اور طحاوی نے بھی اس کی روایت
کی ہے، اور اس حدیث کی سند حسن ہے اور حاکم نے کہا ہے کہ یہ حدیث صحیح ہے اگرچہ کہ بخاری اور
مسلم نے اس کی روایت نہیں کی ہے لیکن،
امام ابن الہمام نے اپنی تحقیق سے کہا ہے کہ بخاری نے بھی اسی طرح اس کی
روایت کی ہے۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
- Candidate: Sunan Abi Dawud 1194 (unverified) 88% confidence
Confidence and text similarity are not editorial verification.