اردو
Urdu OCR, pending reviewNoor 3328
عامر تیر انداز رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں کہ: (ایک دفعہ) ہم
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر تھے کہ ایک صاحب حاضر ہوئے جو کملی اوڑھے
ہوئے تھے اور ان کے ہاتھ میں کوئی چیز تھی جس کو انہوں نے کملی سے لپیٹ لیا تھا۔ انہوں نے عرض
کیا: یا رسول اللہ میں درختوں کے ایک جھنڈ کے پاس سے گزر رہا تھا کہ مجھے پرندوں کے بچوں کی
آوازیں سنائی دیں تو میں نے ان بچوں کو پکڑ لیا اور ان کو اپنی کملی میں رکھ لیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ان کی
ماں آ کر میرے سر پر منڈلانے لگی میں نے جب اس کے سامنے بچوں کو رکھ دیا تو وہ ان پر آن پڑی
تو پھر میں نے ان سب کو اپنی کملی میں لپیٹ لیا پس وہ سب میرے ساتھ ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: تم ان کو (زمین پر) رکھ دو تو میں نے ان کو (زمین پر) رکھ دیا (اور کملی ہٹالی)
تو ان بچوں کی ماں (اپنے بچوں کے ساتھ لگی رہی اور) بچوں سے جدا نہ ہوئی (یہ دیکھ کر) رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ارشاد فرمائے کہ: کیا تم لوگ ان بچوں کی ماں کو اپنے بچوں پر شفقت اور رحم
کرتے دیکھ کر تعجب کرتے ہو؟ قسم ہے اس ذات کی جس نے مجھے نبی برحق بنا کر بھیجا ہے اللہ تعالیٰ
اپنے بندوں پر ان بچوں کی ماں سے زیادہ مہربان اور شفیق ہیں (پھر آپ نے ان صاحب سے فرمایا)
تم ان بچوں کو لے جاؤ اور جہاں سے لائے تھے وہیں ان کی ماں کے ساتھ رکھ آؤ تو وہ صاحب (اسی
وقت) ان بچوں کو ماں سمیت اسی جگہ رکھ آنے کے لئے چلے گئے (اس وجہ سے کہ وہ اپنی جگہ سے
مانوس تھے) اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفقت اور رحمت انسانوں کے علاوہ
جانوروں پر بھی ثابت ہوتی ہے)۔ اس حدیث کی روایت ابوداؤد نے کی ہے۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
- Candidate: Sunan Abi Dawud 3089 (unverified) 90% confidence
Confidence and text similarity are not editorial verification.